24 فروری 2012 - 20:30

علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اہل مغرب کی جانب سے اس سے قبل بھی ایسی شرمناک حرکات کا ارتکاب کیا جا چکا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ امت مسلمہ کے مذہبی جذبات اور مقدسات کی توہین کے عادی ہیں جبکہ عالمی سطح پر انسانی حقوق اور آزادیوں کے نام نہاد علمبردار بنے پھرتے ہیں۔

ابنا: اپنے ایک اخباری بیان میں علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی ترجمان نے نیٹو فورسز کی جانب سے افغان دارالحکومت کابل میں قرآن مجید نذر آتش کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعہ سے امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو سخت ٹھیس پہنچی ہے۔ اہل مغرب کی جانب سے اس سے قبل بھی ایسی شرمناک حرکات کا ارتکاب کیا جا چکا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ امت مسلمہ کے مذہبی جذبات اور مقدسات کی توہین کے عادی ہیں جبکہ عالمی سطح پر انسانی حقوق اور آزادیوں کے نام نہاد علمبردار بنے پھرتے ہیں ان کے قول و فعل کا تضاد درحقیقت عالم اسلام کے خلاف ان کے تعصب اور تنگ نظری کا عکاس ہے یہی وجہ ہے کہ وہ امت مسلمہ کے جذبات کی تذلیل کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

ایک اخباری بیان میں ترجمان نے گذشتہ روز پشاور میں کوہاٹ اڈے پر بم دھماکے کے نتیجے میں بارہ افراد کے جاں بحق ہونے‘ پشاور کے تھانے پر خودکش حملے کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے ان واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثنا مرکزی ترجما ن نے علی پور مظفر گڑھ میں ممتاز عالم دین علامہ حافظ سید محمد ثقلین نقوی پر قاتلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خاص طور پر صوبائی حکومت کو خبردار کیا کہ صوبہ بھر بالخصوص جنوبی پنجاب میں شرپسندوں اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں میں تیزی اور سانحہ خان پور کے بعد علی پور کا یہ واقعہ صوبہ میں بدامنی‘ افراتفری‘ شرانگیزی اور فتنہ و فساد کی نئی لہر کا آغاز ہے جس پر قابو پانے میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ملک کی داخلی سلامتی کے لئے انتہائی مضر اور مہلک ثابت ہوسکتی ہے۔

........

/169